بھارتی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹن ڈوشیٹے مستعفی، کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں واپسی متوقع
بھارتی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹن ڈوشیٹے مستعفی، کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں واپسی متوقع
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
لندن: بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹن ڈوشیٹے نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انہوں نے انگلینڈ میں موجودگی کے دوران بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا، تاہم بورڈ کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق ریان ٹن ڈوشیٹے اب انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہوں گے۔
ریان ٹن ڈوشیٹے کا بھارتی ٹیم کے ساتھ معاہدہ جولائی 2024 سے جولائی 2026 تک تھا، جو رواں ماہ مکمل ہو گیا۔ وہ راہول ڈریوڈ کے بعد گوتم گمبھیر کے ہیڈ کوچ بننے پر معاون کوچنگ اسٹاف کا حصہ بنے تھے اور بیٹنگ و فیلڈنگ کے شعبوں میں اہم ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ان کے دور میں بھارت نے 2025 کا ایشیا کپ جیتا اور 2026 میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا کامیابی سے دفاع کیا، تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت آسٹریلیا کے خلاف بارڈر-گواسکر ٹرافی ہار گیا، جبکہ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈ پر 3-0 اور جنوبی افریقا کے خلاف 2-0 سے ٹیسٹ سیریز بھی گنوا بیٹھا۔
واضح رہے کہ ریان ٹن ڈوشیٹے ماضی میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کھلاڑی بھی رہ چکے ہیں اور 2012 اور 2014 میں آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔