جنوبی کوریا میں صدی کی مہنگی ترین طلاق، ارب پتی کو سابقہ اہلیہ کو 644 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم
جنوبی کوریا میں صدی کی مہنگی ترین طلاق، ارب پتی کو سابقہ اہلیہ کو 644 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
سیول: جنوبی کوریا کی سپریم کورٹ نے دنیا کی معروف میموری چپ بنانے والی کمپنی ایس کے ہائنکس کے ارب پتی چیئرمین چی تے وون کو اپنی سابقہ اہلیہ رو سو یونگ کو طلاق کے تصفیے میں 644 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس سے قبل 2024 میں سیول ہائی کورٹ نے چی تے وون کو 940 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم سپریم کورٹ نے اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے اس رقم کو کم کر دیا۔
عدالت کے مطابق رو سو یونگ کو جوڑے کے مشترکہ ازدواجی اثاثوں کے تقریباً ایک تہائی کے برابر نقد رقم دی جائے گی۔ مقامی میڈیا نے اس فیصلے کو گزشتہ 100 برس کی سب سے مہنگی طلاق قرار دیا ہے، تاہم قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے پاس دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا قانونی حق موجود ہے۔
چی تے وون اور رو سو یونگ کی شادی 1988 میں ہوئی تھی۔ رو سو یونگ جنوبی کوریا کے سابق صدر رو تے وو کی بیٹی ہیں۔ دونوں کے درمیان اختلافات کے بعد چی تے وون نے 2017 میں طلاق کی درخواست دائر کی تھی، جس کے بعد یہ مقدمہ مختلف عدالتوں میں زیرِ سماعت رہا۔