فیفا نے ارجنٹینا کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کر دی
فیفا نے ارجنٹینا کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کر دی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے دوران پیش آنے والے مختلف واقعات پر ارجنٹینا اور اس کے بعض کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ارجنٹینا کی فٹ بال فیڈریشن کو سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد فاک لینڈ جزائر سے متعلق سیاسی بینر آویزاں کرنے سمیت متعدد مبینہ خلاف ورزیوں پر جوابدہی کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ شائقین کے امتیازی نعروں، میچز کے تاخیر سے آغاز، سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی اور میدان میں اشیاء پھینکنے کے واقعات بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ فائنل میں اسپین کے خلاف میچ کے بعد ہسپانوی کھلاڑیوں سے جھگڑے پر لینڈرو پریڈس کے خلاف تین، ناہوئل مولینا کے خلاف دو جبکہ اسسٹنٹ کوچ رابرٹو آیالا کے خلاف ایک تادیبی مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔ تھیاگو الماڈا کو بھی مبینہ نامناسب رویے پر کارروائی کا سامنا ہے۔
فیفا نے تمام متعلقہ فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا ہے، جبکہ ڈسپلنری کمیٹی تمام شواہد اور جوابات کا جائزہ لینے کے بعد اپنے فیصلے کا اعلان کرے گی۔