تحقیق: بچپن میں زیادہ چینی کھانے سے بڑھاپے میں ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھ سکتا ہے

0
تحقیق: بچپن میں زیادہ چینی کھانے سے بڑھاپے میں ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھ سکتا ہے

تحقیق: بچپن میں زیادہ چینی کھانے سے بڑھاپے میں ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھ سکتا ہے

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)

ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بچپن میں چینی کا زیادہ استعمال مستقبل میں ڈیمینشیا (یادداشت کی کمزوری) کے خطرے میں اضافے سے منسلک ہو سکتا ہے، جبکہ ابتدائی عمر میں چینی کا محدود استعمال دماغی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

نیورولوجی نامی طبی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق حاملہ خواتین اگر مٹھائیوں، چاکلیٹ اور دیگر شکر والی غذاؤں کا کم استعمال کریں تو وہ اپنے بچوں میں مستقبل میں ڈیمینشیا کے خطرے کو تقریباً 20 فیصد تک کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔

تحقیق کے مرکزی مصنف پروفیسر جیاژین ژینگ کا کہنا ہے کہ نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ زندگی کے ابتدائی مراحل میں چینی کی مقدار محدود رکھنے سے دماغی صحت پر طویل مدتی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں اور بڑھاپے میں ڈیمینشیا کے خطرے میں کمی آ سکتی ہے۔

یہ تحقیق ہانگ کانگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے محققین نے کی، جنہوں نے برطانیہ میں دوسری جنگِ عظیم کے دوران چینی کی راشن بندی سے پہلے اور بعد میں پیدا ہونے والے 64 ہزار 737 افراد کے صحت کے ریکارڈ کا جائزہ لیا۔

محققین نے شرکاء کو اس بنیاد پر مختلف گروپوں میں تقسیم کیا کہ آیا انہیں پیدائش سے پہلے اور ابتدائی دو سال کے دوران چینی تک محدود رسائی حاصل تھی یا نہیں۔ بعد ازاں، جب شرکاء کی اوسط عمر 55 برس ہوئی تو اگلے 15 سال کے دوران ان میں ڈیمینشیا کے کیسز کا تجزیہ کیا گیا۔

تحقیق میں شامل 15 ہزار 256 افراد، جنہیں پیدائش سے پہلے اور زندگی کے پہلے دو سال کے دوران چینی تک محدود رسائی حاصل رہی، ان میں سے صرف 2 فیصد افراد میں بعد ازاں ڈیمینشیا کی تشخیص ہوئی۔

ماہرین نے واضح کیا کہ یہ تحقیق براہِ راست یہ ثابت نہیں کرتی کہ کم چینی کھانے سے ڈیمینشیا سے مکمل بچاؤ ممکن ہے، تاہم نتائج اس بڑھتے ہوئے سائنسی شواہد کی تائید کرتے ہیں کہ زیادہ چینی دماغی افعال کو متاثر کر سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق دماغ خون میں شوگر کی سطح میں اتار چڑھاؤ کے لیے انتہائی حساس ہوتا ہے، جبکہ دیگر تحقیقات سے بھی معلوم ہوا ہے کہ خون میں شوگر کی بلند سطح رکھنے والے افراد میں الزائمر جیسے امراض کا خطرہ نمایاں طور پر زیادہ ہو سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے