پاکستان بھر میں 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
پاکستان بھر میں 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
پاکستان بھر میں 79واں یومِ آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی، یکجہتی، امن، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا، جبکہ مختلف شہروں میں قومی روایت کے مطابق توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ توپوں کی سلامی کے دوران اسلام آباد کی فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، گلگت بلتستان اور مظفرآباد آزاد کشمیر میں بھی پاک فوج کے دستوں نے توپوں کی سلامی پیش کی۔
مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب
یومِ آزادی کے موقع پر بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
مزارِ قائد پر پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز میں دو دستے شامل ہیں، جن میں ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی مزارِ قائد پر حاضری دی۔
مسلح افواج کے سربراہان کی قوم کو مبارکباد
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مسلح افواج ہر وقت تیار ہیں اور قوم کے ساتھ مل کر امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بانیانِ پاکستان کے نظریات اور اصول آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جن کی روشنی میں ملک کو ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن رکھا جائے گا۔
پشاور گورنر ہاؤس میں یومِ آزادی کی تقریب
پشاور میں 79ویں جشنِ آزادی کے موقع پر گورنر ہاؤس میں پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی پرچم لہرایا۔
تقریب میں ایران کے قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے بھی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ شرکاء نے ملک کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی، جبکہ بعد ازاں گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایرانی قونصل جنرل کے ہمراہ یومِ آزادی کا کیک بھی کاٹا۔
ڈی ایچ اے کراچی میں ساحلِ سمندر پر جشنِ آزادی
ڈی ایچ اے کراچی میں بھی 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ ساحلِ سمندر پر واقع نشانِ پاکستان میں پرچم کشائی اور قومی ترانے کے ساتھ تقریبات کا آغاز ہوا۔
ڈی ایچ اے کے تعلیمی اداروں کے طلبہ نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے، جبکہ کار ریلی اور ہیوی بائیک ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریبات میں شہریوں، طلبہ، کاروباری برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ڈی ایچ اے ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ یومِ آزادی قومی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے شہداء، مسلح افواج اور پوری قوم کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شرکاء نے سبز ہلالی پرچم اٹھا کر وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا