کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا کی شادی: جائیداد اور مالی معاملات سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں
کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا کی شادی: جائیداد اور مالی معاملات سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی 11 اگست کو قریبی اہل خانہ اور دوستوں کی موجودگی میں نجی تقریب میں ہونے والی شادی کے بعد ان کے مالی اور جائیداد سے متعلق معاملات کی اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی دستاویزات میں دونوں نے علیحدہ جائیداد کے نظام کے تحت شادی کی ہے، جس کے تحت دونوں اپنی ذاتی دولت، آمدنی اور سرمایہ کاری کے الگ الگ مالک رہیں گے۔
رپورٹس کے مطابق پرتگالی قانون کے تحت اس معاہدے کا مطلب ہے کہ شادی سے پہلے یا شادی کے دوران حاصل کیے گئے اثاثے خودکار طور پر مشترکہ ملکیت نہیں بنیں گے اور طلاق یا علیحدگی کی صورت میں بھی جائیداد کی خودکار تقسیم نہیں ہوگی۔
ایک پرتگالی جریدے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ علیحدگی یا طلاق کی صورت میں جارجینا کو رونالڈو کی جانب سے ماہانہ تقریباً ایک لاکھ یورو نان نفقہ ملے گا، جبکہ میڈرڈ کے علاقے لا فِنکا میں موجود جوڑے کی پرتعیش رہائش گاہ بھی جارجینا کی ملکیت میں رہے گی۔ اس مکان کی مالیت 56 لاکھ ڈالر سے زائد بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رونالڈو اپنی آمدنی، مختلف معاہدوں، تشہیری معاہدوں، سعودی کلب النصر سے حاصل ہونے والی آمدنی اور کاروباری منصوبوں، جن میں پیستانا کرسٹیانو رونالڈو ہوٹل بھی شامل ہے، پر انفرادی ملکیت برقرار رکھیں گے۔
تقریب میں پانچوں بچے شریک
رپورٹس کے مطابق رونالڈو اور جارجینا کے پانچوں بچے شادی کی نجی تقریب میں شریک تھے۔ رونالڈو کے قریبی دوست میگل پائیشاؤ اور جارجینا کی بہن ایوانا روڈریگز بطور گواہ تقریب میں موجود تھیں۔
تقریب میں پرتگال کی قومی ٹیم یا النصر کے کسی نمایاں کھلاڑی کی شرکت کی اطلاع نہیں ملی۔
رپورٹس کے مطابق جوڑے نے شادی کے بعد اپنے خاندانی نام تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
اس سے قبل افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ شادی کی بڑی تقریب مادیرا کے شہر فنشال کے ایک گرجا گھر میں ہوگی، جس کے باعث وہاں مداحوں اور میڈیا کی بڑی تعداد جمع ہوگئی تھی۔ تاہم شادی یا استقبالیہ کے مقام کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو اور جارجینا نے اپنی شادی کی تفصیلات کو انتہائی راز میں رکھا ہے۔