عمران خان کا پمز میں طبی معائنہ، میڈیکل فٹنس رپورٹ تیار؛ مندرجات خفیہ رکھنے کا فیصلہ
عمران خان کا پمز میں طبی معائنہ، میڈیکل فٹنس رپورٹ تیار؛ مندرجات خفیہ رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
اسلام آباد: پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب اسپتال منتقلی اور طبی معائنے سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے پمز منتقل کیا گیا، جبکہ شفا انٹرنیشنل اسپتال کے 2 ماہرین نے آنکھوں کے معائنے میں حصہ لیا۔ دیگر تمام طبی معائنے پمز کے متعلقہ ماہرین نے انجام دیے۔
پمز کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے عمران خان کی مکمل میڈیکل فٹنس رپورٹ تیار کرلی ہے۔ اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں رپورٹ کے مندرجات کو خفیہ رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم انہیں شفا کے بجائے پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی شدہ درخواست دائر کردی ہے، جس میں عمران خان کو اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے سے متعلق 18 اگست کا حکم واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔
حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کسی ایک قیدی کو اس کی پسند کے نجی اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دینے سے دیگر قیدی بھی اسی نوعیت کی سہولت کا مطالبہ کرسکتے ہیں، جس سے ایسے معاملات کے لیے ’’فلڈ گیٹس‘‘ کھلنے کا خدشہ ہے۔
ادھر پی ٹی آئی نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم تاحال درخواست دائر نہیں کی گئی۔