پٹرول لیوی کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاج جاری، ٹرین مارچ سکھر پہنچ گیا
پٹرول لیوی کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاج جاری، ٹرین مارچ سکھر پہنچ گیا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
جماعت اسلامی کا پٹرول لیوی کے خاتمے اور عوامی ریلیف کے مطالبے کے لیے ملک گیر احتجاج جاری ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں ٹرین مارچ سکھر پہنچ گیا، جہاں مختلف ریلوے اسٹیشنز پر عوام کی جانب سے استقبال کیا گیا۔
جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی پُرامن جمہوری و آئینی مزاحمت نے نئی سیاسی تاریخ رقم کی ہے۔ ان کے مطابق 510 سڑکوں کی بندش اور 40 مقامات پر دھرنوں سے حکومت پر دباؤ بڑھا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت نے وزیراعظم کی واپسی اور آئی ایم ایف مذاکرات تک مہلت مانگی ہے، تاہم جماعت اسلامی کے مطابق تاخیری حربے قابل قبول نہیں اور اسلام آباد سپر لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول لیوی کے خاتمے کے اعلان تک لانگ مارچ اور احتجاج جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپوزیشن کے 27 ستمبر کے احتجاج کی آڑ میں گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہی ہے اور ہائی کورٹ کے فیصلے کی من پسند تشریح کے ذریعے توہینِ عدالت کی جا رہی ہے۔
لیاقت بلوچ کے مطابق حکومت کی جانب سے راستے بند کیے جانے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پی ٹی آئی کو پُرامن احتجاج کا آئینی و سیاسی حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی صورت پی ٹی آئی کے ساتھ حکومتی انجینئرڈ تصادم نہیں ہونے دے گی، جبکہ سپر لانگ مارچ کے ملتان سے اگلے مرحلے کا اعلان جلد کیا جائے گا۔