پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے 28 بچوں سمیت 29 افراد جاں بحق، 40 سے زائد زخمی، مالک گرفتار
پشاور میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے 28 بچوں سمیت 29 افراد جاں بحق، 40 سے زائد زخمی، مالک گرفتار
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے سے 28 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر سمیت 29 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع صبح 8 بج کر 48 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق حادثے میں 28 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جان کی بازی ہار گئے، جبکہ زخمی بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے مزید بچوں اور اسکول کے عملے کی تلاش میں مصروف ہیں۔
سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق واقعے میں زخمیوں کی تعداد 40 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ نجی اسکول کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، جبکہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔ سیکریٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی پی ایس آر اے سے کل تک رپورٹ طلب کر لی ہے۔