ایران کا امریکا پر ہدف حاصل نہ کرنے کا دعویٰ، پاکستان کا آبنائے ہرمز پر تشویش کا اظہار
ایران کا امریکا پر ہدف حاصل نہ کرنے کا دعویٰ، پاکستان کا آبنائے ہرمز پر تشویش کا اظہار
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا سپرپاور ہونے کے باوجود جنگ میں ایک بھی ہدف حاصل نہیں کرسکا۔ روس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ امریکی صدر اب مذاکرات کی بات کررہے ہیں، جس پر ایران غور کر رہا ہے، جبکہ روس کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
سوشل میڈیا پیغام میں عباس عراقچی نے روس کے ساتھ اعلیٰ سطح کے روابط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ پیش رفت نے دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید نمایاں کیا ہے اور سفارت کاری کے لیے روسی حمایت قابلِ تحسین ہے۔
دوسری جانب ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے یورپی یونین کی پابندیوں کو دوہرے معیار اور منافقت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پابندیوں کا انسانی حقوق سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ عام ایرانی شہریوں کے بنیادی حقوق کو متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی پانیوں میں ایرانی آئل ٹینکروں کی ضبطی کو بحری قزاقی قرار دیتے ہوئے امریکا کو جواب دہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا۔
ادھر پاکستان نے اقوام متحدہ میں سمندری راستوں میں رکاوٹ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے آبنائے ہرمز سے متعلق مباحثے میں کہا کہ عالمی سمندری گزرگاہوں کا تحفظ امن اور معیشت کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے توانائی اور خوراک کا عالمی بحران پیدا ہوسکتا ہے، جبکہ سمندری آمدورفت میں رکاوٹ عالمی تجارت، تیل و گیس کی فراہمی، قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی جیسے مسائل کو جنم دے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے حالات میں ترقی پذیر ممالک سب سے زیادہ متاثر ہوں گے اور عالمی معاشی استحکام کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔