کمرشل فنانسنگ کی طرف پیشرفت، آئی ایم ایف قسط اور پانڈا بانڈ اجراء جلد متوقع: وزیرخزانہ

0
کمرشل فنانسنگ کی طرف پیشرفت، آئی ایم ایف قسط اور پانڈا بانڈ اجراء جلد متوقع: وزیرخزانہ

کمرشل فنانسنگ کی طرف پیشرفت، آئی ایم ایف قسط اور پانڈا بانڈ اجراء جلد متوقع: وزیرخزانہ

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے بعد دیگر دوست ممالک سے فنانسنگ حاصل کرنے کا ارادہ نہیں، حکومت اب کمرشل فنانسنگ کے حصول پر توجہ دے رہی ہے۔

پاکستان یورپی یونین بزنس فورم کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ نئے مالی سال کے بجٹ کے لیے مشاورت جاری ہے، جبکہ آئی ایم ایف کا وفد مئی کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرے گا اور اگلے ماہ 1.2 ارب ڈالر کی قسط موصول ہونے کی توقع ہے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ میکرو اکنامک استحکام کے ساتھ ساتھ اسٹرکچرل اصلاحات جاری ہیں اور ڈیجیٹل معیشت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی اور پورٹ قاسم سمیت بندرگاہیں متحرک ہوچکی ہیں جبکہ اسٹریٹجک ذخائر کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پانڈا بانڈ کے اجراء کے لیے ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے گارنٹی فراہم کردی ہے اور چینی حکام کے ساتھ بات چیت آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ مئی میں 25 کروڑ ڈالر مالیت کا پانڈا بانڈ جاری کیا جائے گا، جبکہ آئندہ چند برسوں میں یورو اور سکوک بانڈز بھی جاری کیے جائیں گے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے باوجود پاکستان میں خوراک اور کھاد کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی اور نہ ہی ترسیلات زر پر کوئی منفی اثر پڑا ہے، حتیٰ کہ یورپی یونین سے بھی ترسیلات مستحکم رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیرف اصلاحات کے تحت کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹیز میں کمی کی جا رہی ہے، خاص طور پر خام مال اور درمیانی اشیاء پر ڈیوٹیز کم کی گئی ہیں۔ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے گردشی قرضے میں کمی، ڈسکوز کی کارکردگی میں بہتری اور سبسڈی میں کمی لائی جا رہی ہے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے بجائے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ نجکاری کے عمل میں پی آئی اے اور دیگر سرکاری اداروں کی اصلاحات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے اور رواں سال قرضوں کی ادائیگی کی لاگت میں کمی متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے