امریکا-ایران کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں تیل مہنگا، پاکستان کو نئی قیمتوں کے تعین کا چیلنج
امریکا-ایران کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں تیل مہنگا، پاکستان کو نئی قیمتوں کے تعین کا چیلنج
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف ناکہ بندی جاری رکھنے کے اعلان کے بعد عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے توانائی مارکیٹ میں تشویش کی نئی لہر دوڑ گئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق لندن میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 8.17 ڈالر کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 119 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل بھی 7.5 فیصد مہنگا ہو کر 107.46 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرنے لگا۔
ادھر مربن خام تیل کی قیمت میں بھی 2.61 ڈالر اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 109.3 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات مشرق وسطیٰ سمیت دیگر خطوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں کہا کہ خام تیل کی قیمتیں دوبارہ تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور پاکستان کو نئی قیمتوں کے تعین میں شدید چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم حکومت اجتماعی حکمت عملی کے ذریعے اس صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔