پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکس اور مارجنز کی تفصیلات سامنے آ گئیں، فی لیٹر قیمت میں بڑا حصہ حکومتی چارجز کا
پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکس اور مارجنز کی تفصیلات سامنے آ گئیں، فی لیٹر قیمت میں بڑا حصہ حکومتی چارجز کا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ملک میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں اور مارجنز کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایک لیٹر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مختلف حکومتی ٹیکسز، ڈیوٹیز اور کمپنی مارجنز شامل ہیں جو مجموعی قیمت کا بڑا حصہ بناتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 153 روپے 55 پیسے مختلف ٹیکسز اور مارجنز کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 246 روپے 31 پیسے ہے، تاہم تمام اضافوں کے بعد اس کی حتمی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 23 روپے 72 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 7 روپے 32 پیسے ان لینڈ فریٹ مارجن، 7 روپے 87 پیسے مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے پمپ ڈیلرز کا کمیشن شامل ہے۔ اس کے علاوہ 103 روپے 50 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی شامل کی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 283 روپے 12 پیسے بتائی گئی ہے، جبکہ مختلف ٹیکسز اور مارجنز شامل کرنے کے بعد اس کی حتمی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان تفصیلات سے واضح ہوتا ہے کہ ایندھن کی قیمت میں اصل ریفائنری قیمت کے مقابلے میں ٹیکسز اور دیگر چارجز کا حصہ نمایاں ہے۔