پاکستان کو آئی ایم ایف کے کلائمٹ پروگرام کے تحت 200 ملین ڈالر ملنے کا امکان
پاکستان کو آئی ایم ایف کے کلائمٹ پروگرام کے تحت 200 ملین ڈالر ملنے کا امکان
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) پروگرام کے تحت 200 ملین ڈالر موصول ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واشنگٹن میں جاری عالمی مالیاتی اجلاسوں کے دوران کلائمٹ فنانسنگ سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون اور عملی اقدامات پر زور دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے کلائمٹ ایکشن، بجٹ ترجیحات اور ماحولیاتی منصوبوں کے لیے مالی وسائل سے متعلق اپنا مؤقف عالمی اداروں کے سامنے پیش کر دیا ہے، جبکہ بین الاقوامی مالی معاونت بڑھانے پر بھی مشاورت جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف بورڈ کا اہم اجلاس جمعہ کو متوقع ہے، جس میں پاکستان کے لیے کلائمٹ فنڈنگ سے متعلق اہم فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔
حکومت نے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی تعاون مزید تیز کرنے اور قومی بجٹ میں کلائمٹ پالیسی کو ترجیح دینے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے اس وقت ترقی پذیر ممالک کے لیے ماحولیاتی فنڈنگ میں اضافے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔