ایران کا امریکا پر جنگ بندی توڑنے کا الزام، آبنائے ہرمز میں جوابی کارروائی کا دعویٰ
ایران کا امریکا پر جنگ بندی توڑنے کا الزام، آبنائے ہرمز میں جوابی کارروائی کا دعویٰ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ایران نے امریکا پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایرانی ساحلی علاقوں اور بحری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے ترجمان کے مطابق امریکا نے خمیر، سرک اور قشم جزیرہ کے ساحلی علاقوں پر خطے کے بعض ممالک کے تعاون سے فضائی حملے کیے، جن میں شہری علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی کارروائیوں میں جسک کے قریب ایرانی پانیوں سے آبنائے ہرمز کی جانب بڑھنے والے ایک ایرانی آئل ٹینکر اور فجیرہ کے سامنے آبنائے ہرمز میں داخل ہونے والے ایرانی بحری جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
خاتم الانبیاء کے مطابق ایرانی فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کے مشرق اور چابہار کے جنوب میں موجود امریکی فوجی جہازوں پر حملہ کیا، جس سے انہیں بھاری نقصان پہنچا۔
ترجمان نے امریکا اور اس کے علاقائی اتحادیوں کو خبردار کیا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا بغیر ہچکچاہٹ منہ توڑ جواب دے گا۔