آئی ایم ایف بورڈ کا آج اہم اجلاس، پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر ملنے کا امکان
آئی ایم ایف بورڈ کا آج اہم اجلاس، پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر ملنے کا امکان
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)International Monetary Fund(آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اہم اجلاس آج واشنگٹن میں ہوگا، جس میں پاکستان کے قرض پروگرام سے متعلق جائزہ مشن کی سفارشات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف بورڈ جائزے کے بعد پاکستان کے لیے قرض پروگرام کی اگلی قسط جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گا۔ اگر منظوری دے دی گئی تو پاکستان کو آئندہ دو روز میں 1 ارب 20 کروڑ ڈالرز موصول ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس رقم میں 1 ارب ڈالر قرض پروگرام کی قسط جبکہ 20 کروڑ ڈالر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔ پاکستانی حکام اس حوالے سے پُرامید ہیں کہ بورڈ قرض پروگرام کی اگلی قسط کی منظوری دے دے گا۔
منظوری کی صورت میں پاکستان کو Extended Fund Facility (EFF) کے تحت مجموعی طور پر 3.3 ارب ڈالر جاری ہو جائیں گے، جبکہ پاکستان کو ای ایف ایف پروگرام اور موسمیاتی معاونت کی مد میں 2.1 ارب ڈالر پہلے ہی موصول ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کا یہ قرض پروگرام ستمبر 2024 میں 37 ماہ کے لیے منظور کیا گیا تھا۔