گرم موسم میں سخت ٹریننگ، پی سی بی کا قومی کرکٹرز کیلئے طویل فٹنس و مہارت کیمپ لگانے کا فیصلہ
گرم موسم میں سخت ٹریننگ، پی سی بی کا قومی کرکٹرز کیلئے طویل فٹنس و مہارت کیمپ لگانے کا فیصلہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد کھلاڑیوں کی فٹنس اور تکنیکی خامیوں کو دور کرنے کیلئے طویل تربیتی کیمپ لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جو ستمبر تک جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم گزشتہ کافی عرصے سے کسی بھی فارمیٹ میں تسلسل کے ساتھ بہتر کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی ہے، جبکہ آئی سی سی ایونٹس میں بھی کارکردگی مایوس کن رہی۔ حالیہ عرصے میں بنگلادیش کے ہاتھوں مسلسل تین ٹیسٹ میچز میں شکست نے حکام کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا۔
پی سی بی کے ’تھنک ٹینک‘ نے مختلف اجلاسوں میں اس صورتحال کا جائزہ لیا، جہاں یہ بات سامنے آئی کہ کھلاڑی قومی ذمہ داریوں سے فراغت کے بعد مختلف لیگز میں مصروف ہو جاتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں اپنی فٹنس اور تکنیک پر کام کرنے کا مناسب وقت نہیں مل پاتا۔
اسی سلسلے میں 7 روزہ این سی اے وائٹ بال کیمپ جمعے سے لاہور میں شروع ہو رہا ہے، جس میں 28 کھلاڑی شریک ہوں گے۔ یہ کیمپ 21 مئی تک جاری رہے گا اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کی تیاریوں پر توجہ دی جائے گی۔ اس سے قبل این سی اے میں ریڈ بال کیمپ بھی منعقد کیا جا چکا ہے جس میں 17 کرکٹرز نے حصہ لیا تھا۔
آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد دوبارہ طویل کیمپ شروع ہوگا، جہاں شدید گرمی میں کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے اور جدید کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق صائم ایوب گھٹنے کی انجری کے باعث موجودہ وائٹ بال کیمپ میں شامل نہیں ہیں۔ وہ پی ایس ایل کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوئے تھے اور تاحال مکمل فٹ نہیں ہو سکے۔ امکان ہے کہ وہ عید کے بعد کیمپ جوائن کریں گے۔
پی سی بی نوجوان ٹیلنٹ کو بھی مزید مواقع دینے کا خواہاں ہے۔ اذان اویس اور عبداللہ فضل کی شاندار کارکردگی نے سلیکٹرز کو متاثر کیا ہے، جبکہ نوجوان فاسٹ بولر علی رضا کو بھی جلد قومی ٹیم میں موقع دیے جانے کا امکان ہے۔