دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے چین میں جیکی چن ایکشن فلم ویک میں 2 اعزاز جیت لیے

0
دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے چین میں جیکی چن ایکشن فلم ویک میں 2 اعزاز جیت لیے

دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے چین میں جیکی چن ایکشن فلم ویک میں 2 اعزاز جیت لیے

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)

پاکستانی بلاک بسٹر اور ریکارڈ بزنس کرنے والی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے چین میں منعقدہ ساتویں جیکی چن انٹرنیشنل ایکشن فلم ویک میں دو اہم اعزاز اپنے نام کر لیے۔

جیو فلمز کی پیشکش اور انسائیکلو میڈیا و لاشاری فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری نے سوشل میڈیا پر اس کامیابی کا اعلان کیا۔

اختتامی تقریب میں ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو اسپیشل جیوری ایوارڈ اور بہترین آرٹ ڈائریکشن کے اعزاز سے نوازا گیا۔

بلال لاشاری نے کہا کہ ’مورٹل کومبیٹ 2‘ اور ’دی فیوریس‘ جیسی فلموں کے ساتھ اعزاز حاصل کرنا ان کے لیے ناقابلِ یقین تجربہ ہے۔

ہدایت کار نے بتایا کہ مسلسل بارش کے باوجود کھلے آسمان تلے منعقدہ تقریب میں انہوں نے ایوارڈز وصول کیے۔ ان کے مطابق جب وہ مائیک تک پہنچے تو مکمل طور پر بھیگ چکے تھے، جبکہ ایک اجنبی شخص نے ان کے لیے چھتری تھام رکھی تھی۔

بلال لاشاری نے آرٹ ڈائریکشن کے ایوارڈ کو خصوصی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کا نہیں بلکہ پروڈکشن ڈیزائنرز نمسہ عباسی اور حمزہ باجوہ کا ہے، جنہوں نے فلم کے لیے ایک مکمل دنیا تخلیق کی۔

جیکی چن سے ملاقات کو خواب قرار دے دیا
جیکی چن کے نام سے منسوب ایوارڈ کے حوالے سے بلال لاشاری نے کہا کہ وہ جیکی چن کی فلمیں دیکھتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں، اس لیے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے جیکی چن کے نام سے منسوب اسٹیج پر کھڑا ہونا خواب جیسا محسوس ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جیکی چن سے ذاتی طور پر ملاقات اور ان کی جانب سے مبارکباد وصول کرنا ایسا لمحہ تھا جس کا انہوں نے فلم کا منصوبہ شروع کرتے وقت کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔

بلال لاشاری نے پروڈیوسر ندیم منڈوی والا اور ان کی اہلیہ کا بھی شکریہ ادا کیا اور انہیں چین میں فلم کے سفر کے دوران اپنا ساتھی قرار دیا۔ انہوں نے اپنی اس کامیابی کو پاکستان کے نام کردیا۔

1979 کی مقبول کلٹ کلاسک فلم کے ریبوٹ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، ہمایوں سعید، حمائمہ ملک، گوہر رشید، فارس شفیع اور علی عظمت سمیت دیگر اداکاروں نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے