جیا بچن نے امیتابھ بچن کو پہلی بار دیکھ کر خطرہ کیوں محسوس کیا؟ اہم انکشاف
جیا بچن نے امیتابھ بچن کو پہلی بار دیکھ کر خطرہ کیوں محسوس کیا؟ اہم انکشاف
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جیا بچن نے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ تعلقات کے ابتدائی دنوں سے متعلق دلچسپ انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب انہوں نے پہلی مرتبہ امیتابھ بچن کو دیکھا تو انہیں خطرہ محسوس ہوا تھا۔
جیا بچن اور امیتابھ بچن 1973ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کی شادی کو پانچ دہائیوں سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔
ایک انٹرویو میں جیا بچن نے بتایا کہ امیتابھ بچن ابتدائی دنوں میں کم گو اور انتہائی حساس طبیعت کے مالک تھے، جس کے باعث انہیں سمجھنا آسان نہیں تھا۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے امیتابھ بچن کو پہلی مرتبہ پونا کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا میں تعلیم کے دوران دیکھا تھا۔ بعد ازاں دونوں کی ملاقات معروف فلم ساز ہری کیش مکھرجی کی فلم ’گڈی‘ کے سلسلے میں ہوئی، جس میں ابتدا میں امیتابھ بچن کو بھی کاسٹ کیا گیا تھا، تاہم بعد میں انہیں فلم سے الگ کردیا گیا۔
جیا بچن نے بتایا کہ امیتابھ بچن کی لوگوں کو مسلسل گھورنے کی عادت انہیں عجیب محسوس ہوتی تھی۔ وہ سوچتی تھیں کہ یہ شخص اتنی دیر تک لوگوں کو اس طرح کیسے دیکھ سکتا ہے۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ امیتابھ جان بوجھ کر ایسا نہیں کرتے تھے بلکہ انہیں اندازہ ہی نہیں ہوتا تھا کہ ان کا یہ انداز دوسروں پر کیا اثر ڈالتا ہے۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ امیتابھ بچن واحد شخص تھے جو ان کے فیصلوں پر اثر انداز ہوسکتے تھے اور وہ خود بھی ان کی بات ماننے پر آمادہ ہوجاتی تھیں۔
جیا بچن کے مطابق امیتابھ انہیں براہ راست کوئی حکم نہیں دیتے تھے، لیکن اگر وہ نرمی سے بھی کوئی بات کہتے تو وہ اس پر عمل کرتی تھیں، کیونکہ وہ انہیں خوش رکھنا چاہتی تھیں۔