بھارتی گلوکار دلیر مہندی کی پرفارمنس کے دوران ہنگامہ، ریکارڈ شدہ آواز پر گانے کا الزام
بھارتی گلوکار دلیر مہندی کی پرفارمنس کے دوران ہنگامہ، ریکارڈ شدہ آواز پر گانے کا الزام
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
بھارتی گلوکار دلیر مہندی کی ریاست اتراکھنڈ میں ایک میلے کے دوران پرفارمنس پر اس وقت تنازع کھڑا ہوگیا جب ان پر لائیو گانے کے بجائے ریکارڈ شدہ آواز پر لب ہلانے کا الزام عائد کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق دلیر مہندی کو اتراکھنڈ کے علاقے نریندرا نگر میں منعقدہ میلے میں پرفارم کرنا تھا، تاہم ان کی پرفارمنس کے دوران شائقین اور وہاں موجود حکام نے مبینہ طور پر انہیں ریکارڈ شدہ گانے پر لب ہلاتے دیکھا، جس پر صورتِ حال کشیدہ ہوگئی۔
واقعے کے دوران تقریب کے مہمانِ خصوصی اور ریاستی کابینہ کے وزیر سبودھ انیال بھی اسٹیج پر پہنچ گئے اور گلوکار کی پرفارمنس پر تنقید کی۔ اس کے بعد اسٹیج پر تلخ کلامی اور پنڈال میں ہنگامہ آرائی ہوئی، جس پر مقامی پولیس اور منتظمین نے مداخلت کرکے صورتِ حال کو قابو کیا۔
بعد ازاں منتظمین نے وضاحت کی کہ دلیر مہندی کو تقریب سے صرف دو روز قبل متبادل گلوکار کے طور پر مدعو کیا گیا تھا، کیونکہ اصل پرفارمر گلوکارہ سونندا شرما طبیعت ناساز ہونے کے باعث شرکت نہیں کرسکی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق دلیر مہندی نے ریکارڈ شدہ موسیقی استعمال کرنے کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیماری کے باعث وہ لائیو گانے سے قاصر تھے، تاہم انہوں نے اپنے ساتھی موسیقاروں کی مدد سے پروگرام جاری رکھنے کی کوشش کی۔
بعد ازاں تکنیکی مسائل دور کیے گئے اور دلیر مہندی نے پرفارمنس کا کچھ حصہ براہِ راست گایا، جس کے بعد شائقین مطمئن ہوگئے۔