اسلام آباد میں ’یادگارِ فتح‘ کا افتتاح، وزیراعظم کا دشمن کو دوٹوک جواب دینے کا اعلان
اسلام آباد میں ’یادگارِ فتح‘ کا افتتاح، وزیراعظم کا دشمن کو دوٹوک جواب دینے کا اعلان
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
اسلام آباد میں گزشتہ شب منعقدہ ایک پُروقار تقریب کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ’یادگارِ فتح‘ کا افتتاح کردیا۔
تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی پولیس کے دستوں، وفاقی وزرا اور غیر ملکی سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔ صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور دیگر شرکاء نے قومی پرچم لہرایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یادگارِ فتح افواجِ پاکستان کی برتری اور دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کرنے کی علامت ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کے پانی کی ہر بوند ریڈ لائن ہے۔ پاکستان امن چاہتا ہے، تاہم اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت راہِ راست پر نہ آیا تو براہِ راست جواب دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کی علامت ہے اور اس نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ بھی مکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بن چکا ہے۔
افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ افغان حکومت کو اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی سے لاکھوں جانیں بچیں اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں امریکا کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’یادگارِ فتح‘ شہداء اور غازیوں کی لازوال داستان ہے۔ انہوں نے غزہ میں جاری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نسل کشی کسی صورت قبول نہیں اور ’گریٹر اسرائیل‘ کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
صدر مملکت نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے کردار کو بھی سراہا