چند منٹ کی شدید ورزش گھنٹوں کی ہلکی ورزش سے زیادہ فائدہ مند قرار
شدید ورزش گھنٹوں
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
امریکی سائنسدانوں کی ایک تازہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ گھنٹوں ہلکی ورزش کرنے کے مقابلے میں چند منٹ کی انتہائی شدید ورزش جسم میں کہیں زیادہ مثبت طبی تبدیلیاں پیدا کر سکتی ہے۔
جریدے سیل رپورٹس میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق ایکسرسائز بائیک پر 30، 30 سیکنڈز کی انتہائی تیز رفتار سائیکلنگ، جس کے درمیان 4 منٹ کا وقفہ ہو، خون میں صحت سے متعلق 714 پروٹینز میں مثبت تبدیلیاں پیدا کرتی ہے۔ اس کے مقابلے میں معمول کی رفتار سے سائیکلنگ کے نتیجے میں صرف 7 پروٹینز متاثر ہوئے۔
تحقیق کے مطابق شدید ورزش کے دوران Lac-Phe نامی مالیکیول کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے، جو بھوک کو کنٹرول کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ چربی کے خلیوں میں 1,600 سے زائد جینز کو فعال کر کے چربی کے استعمال کی صلاحیت بڑھانے سے بھی منسلک پایا گیا۔
53 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کے تجزیے سے معلوم ہوا کہ شدید ورزش سے فعال ہونے والے بعض پروٹینز کا تعلق دل کی بیماریوں، ٹائپ ٹو ذیابیطس اور موٹاپے کے کم خطرے کے ساتھ ہے، جبکہ یہ تبدیلیاں عمر بڑھنے کے اثرات کو سست کرنے سے بھی منسلک پائی گئیں۔
تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر پال کوہن کے مطابق یہ امر انتہائی دلچسپ ہے کہ محض چند منٹ کی شدید ورزش جسم کے اندر ایک نمایاں مثبت ردِعمل پیدا کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق یہ مصروف طرزِ زندگی رکھنے والے افراد کے لیے خاص طور پر اہم ہے کیونکہ اس کے لیے ورزش میں گھنٹوں صرف کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔