میں دھونی اور کپل دیو سے معافی مانگنا چاہتا ہوں، یوراج سنگھ نے والد یوگ راج سنگھ کے تنازعات پر خاموشی توڑ دی
میں دھونی اور کپل دیو سے معافی مانگنا چاہتا ہوں، یوراج سنگھ نے والد یوگ راج سنگھ کے تنازعات پر خاموشی توڑ دی
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر Yuvraj Singh نے اپنے والد Yograj Singh کے متنازع بیانات پر پہلی بار کھل کر ردِعمل دیتے ہوئے MS Dhoni اور Kapil Dev سے معافی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک پوڈکاسٹ کے ٹیزر میں یوراج نے کہا کہ وہ ایم ایس دھونی اور کپل دیو سے معذرت کرنا چاہتے ہیں۔ پوڈکاسٹ کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ کیا والد کے بیانات سن کر انہیں برا لگا، جس پر یوراج نے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد سے واضح طور پر کہا تھا کہ ایسا رویہ درست نہیں۔
یاد رہے کہ یوراج سنگھ بھارتی ٹیم کے اُس دور کا حصہ رہے جب Sachin Tendulkar، Virender Sehwag، ایم ایس دھونی اور Zaheer Khan جیسے نامور کھلاڑی ٹیم میں شامل تھے۔ یوراج نے بھارت کی دو بڑی کامیابیوں 2007ء کے ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2011ء کے ون ڈے ورلڈ کپ میں کلیدی کردار ادا کیا۔
دوران کھیل، ایم ایس دھونی ٹیم کے مستقل کپتان رہے، جس کے باعث یوراج کو قیادت کا موقع طویل عرصے تک نہیں ملا۔ بعد ازاں یوراج کے والد یوگ راج سنگھ نے کئی بار عوامی بیانات میں ایم ایس دھونی کو اس صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا اور سابق کپتانوں پر تنقید کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ میں قیادت کی خامیوں کا ذکر کیا۔
یوگ راج سنگھ ماضی میں بھی متنازع بیانات اور سخت گفتگو کی وجہ سے خبروں میں رہے، جن میں 2025ء کے یوٹیوب انٹرویو میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ 1980ء کی دہائی میں ٹیم سے نکالے جانے کے بعد وہ کپل دیو سے شدید ناراض تھے اور ان کے گھر جا کر دھمکی بھی دی تھی۔