وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف کمیشن کی اصلاحات کا اجلاس
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف کمیشن کی اصلاحات کا اجلاس
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف کمیشن کی معیاری اور فعال کارکردگی کے لیے اصلاحاتی اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیشن کی تنظیمِ نو اور سرمایہ کاری و صنعت میں اضافے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ کامرس جام کمال خان، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد چیمہ اور معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے شرکت کی۔
وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی قانونی اور انتظامی پیچیدگیوں کو جامع حکمتِ عملی کے تحت حل کیا جائے اور کمیشن کی سرگرمیوں کو ڈیجیٹلائز کر کے شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمیشن سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے لیے خصوصی اقدامات کرے اور ادارے کی کارکردگی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے دنیا میں رائج بہترین طریقے اپنائے جائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ٹی، اے آئی اور دیگر جدید تکنیکوں کے استعمال سے کمیشن میں جدت لائی جائے، اپیلٹ ٹریبونل میں قانونی پیچیدگیوں کو آسان بنا کر کارکردگی مزید بہتر کی جائے، اور افرادی قوت کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کیسز کی تاخیر کسی صورت قابلِ برداشت نہیں اور ایک ایسا نظام وضع کیا جائے جس میں تمام کیسز معینہ وقت میں نمٹائے جائیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن میں ادارہ جاتی، قانونی اور انتظامی تنظیمِ نو کا عمل جاری ہے تاکہ کمیشن کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔