ایشیا کپ کی طرز پر افریقا ٹی ٹوئنٹی کپ متعارف کروائے جانے کا امکان
ایشیا کپ کی طرز پر افریقا ٹی ٹوئنٹی کپ متعارف کروائے جانے کا امکان
افریقہ — افریقن کرکٹ ایسوسی ایشن براعظم میں ایک بڑے منصوبے کے تحت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کا مقصد مالی وسائل پیدا کرنا اور کرکٹ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایسوسی ایشن اس وقت مختلف تجاویز کا جائزہ لے رہی ہے، تاہم یہ ٹورنامنٹ 2027 سے پہلے شروع ہونے کا امکان نہیں ہے۔ مجوزہ “افریقہ ٹی ٹوئنٹی کپ” کے لیے موزوں وقت اور ٹیموں کی کوالیفکیشن کا طریقہ کار دو اہم نکات ہیں جن پر غور جاری ہے۔
اس منصوبے میں کرکٹ جنوبی افریقا کا کردار نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ جنوبی افریقا براعظم کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار ہوتا ہے۔ تاہم اس کی شرکت کا انحصار آئندہ فیوچر ٹورز پروگرام اور مصروف شیڈول پر ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا اصولی طور پر اس منصوبے کی حمایت کرتا ہے، لیکن حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب زمبابوے کرکٹ اور نمیبیا کے ساتھ ایک سہ ملکی سیریز کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے، جو ممکنہ طور پر اگست میں کھیلی جائے گی۔ اس سیریز سے حاصل ہونے والی آمدنی مستقبل کے افریقہ کپ کے لیے بنیاد فراہم کر سکتی ہے۔