پاکستان ہاکی ٹیموں کے نئے کوچنگ پینلز کا اعلان
پاکستان ہاکی ٹیموں کے نئے کوچنگ پینلز کا اعلان
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیموں کے لیے نئے مینجمنٹ اور کوچنگ پینلز کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت سینئر، جونیئر اور انڈر 18 ٹیموں کے لیے علیحدہ علیحدہ اسٹاف کی منظوری دی گئی ہے۔
یہ تقرریاں پی ایچ ایف کے ایڈہاک صدر کی منظوری سے عمل میں لائی گئی ہیں، جن کا مقصد قومی ہاکی ٹیموں کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
سینئر ٹیم کے لیے اولمپئن منظور الحسن کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ خواجہ جنید، وسیم احمد اور شکیل عباسی کوچنگ پینل کا حصہ ہوں گے۔
جونیئر ٹیم کی قیادت ایاز محمود کے سپرد کی گئی ہے، جنہیں ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ کوچنگ اسٹاف میں سمیر حسین، اظفر یعقوب اور عمران بٹ شامل ہیں۔
انڈر 18 ٹیم کے لیے قمر ابراہیم کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ریحان بٹ، یاسر اسلام اور عمر بھٹہ یوتھ ٹیم کے کوچنگ پینل کا حصہ ہوں گے۔
پی ایچ ایف کے اس اقدام کو قومی ہاکی کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ نئی کوچنگ ٹیمیں مستقبل میں بہتر نتائج دینے میں کامیاب ہوں گی۔