رواں سال مئی اور جون کے مہینے گرم ترین ہونے کا امکان: پی ڈی ایم اے
رواں سال مئی اور جون کے مہینے گرم ترین ہونے کا امکان: پی ڈی ایم اے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال مئی اور جون کے مہینے گرم ترین ہونے کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے، جبکہ عمومی طور پر مئی اور جون میں درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ 29 اپریل سے 3 مئی تک جنوبی علاقوں میں ہلکی ہیٹ ویو کا امکان ہے۔ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث 27 اپریل کی رات سے 29 اپریل اور 3 سے 5 مئی تک بالائی علاقوں میں موسم پر اثرات متوقع ہیں، جس سے وہاں درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری کمی آ سکتی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں، جبکہ کسان موسمی صورتحال کے مطابق فصلوں کی دیکھ بھال یقینی بنائیں۔
عمر جاوید نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ای او سیز میں 24 گھنٹے عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ ریسکیو 1122 کو بھی فوری رسپانس کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ موٹروے پولیس کو ٹریفک ایڈوائزری جاری کرنے اور مسافروں کی رہنمائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔