حنا طارق کے فیمنزم اور مرد و عورت کے کردار پر بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی
حنا طارق کے فیمنزم اور مرد و عورت کے کردار پر بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستانی اداکارہ حنا طارق نے خواتین کے حقوق، فیمنزم اور مردوں کے کردار سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔
ڈرامہ سیریلز "نقاب”، "نہ تم جانو نہ ہم”، "نفرت” اور حالیہ مقبول ڈرامہ "رحمت” میں اپنی اداکاری سے پہچان بنانے والی حنا طارق نے ایک یوٹیوب شو میں شرکت کے دوران جدید تعلقات اور مرد و خواتین کے روایتی کرداروں پر کھل کر گفتگو کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں نرم مزاج یا حد سے زیادہ حساس مرد پسند نہیں، بلکہ وہ ایسے مرد کو ترجیح دیتی ہیں جو مضبوط، فیصلہ کرنے والا اور ذمہ دار ہو۔ ان کے مطابق مرد کو مالی و عملی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں، جیسے کرایہ ادا کرنا، منصوبہ بندی کرنا اور زندگی کے معاملات سنبھالنا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود مالی طور پر خودمختار ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ چاہتی ہیں کہ مرد روایتی کردار ادا کرے اور عورت کو محبت، توجہ اور تحفظ فراہم کرے۔ ان کے مطابق وہ گاڑی میں پٹرول ڈلوانے یا بھاری ذمہ داریاں خود سنبھالنے کے بجائے چاہتی ہیں کہ یہ کام مرد انجام دے۔
حنا طارق نے یہ بھی کہا کہ وہ ایسی خواتین کو پسند نہیں کرتیں جو مردانہ کردار اپنانے کی کوشش کریں۔ ان کے مطابق عورت کی خوبصورتی محبت، نرمی اور جذباتی وابستگی میں ہے۔
اداکارہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ صارفین نے ان کے خیالات کو روایتی اقدار کے قریب قرار دیا، جبکہ بعض نے اسے جدید فیمنزم کے خلاف سخت مؤقف قرار دیتے ہوئے تنقید بھی کی ہے۔