عائزہ خان کے نئے فوٹو شوٹ پر تنقید، سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)معروف پاکستانی اداکارہ عائزہ خان کو حالیہ فوٹو شوٹ میں لباس کے انتخاب پر سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ہے۔
انسٹاگرام پر 15.2 ملین سے زائد فالوورز رکھنے والی اداکارہ اپنے کامیاب ڈراموں کے باعث پہچانی جاتی ہیں، تاہم حالیہ عرصے میں ان کے انداز میں نمایاں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے جہاں وہ روایتی سادہ اسٹائل سے ہٹ کر جدید فیشن اپناتی نظر آ رہی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے ایک جیولری برانڈ کے لیے فوٹو شوٹ کروایا جس میں پیچ اور سلور رنگ کے مرمیڈ اسٹائل لباس کے ساتھ ایمرلڈ اور ڈائمنڈ جیولری سیٹ پہنا گیا۔ تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد نے ان کے لباس کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے تنقید کی، جبکہ بعض نے کہا کہ وہ مداحوں کی توقعات کے برعکس انداز اپنا رہی ہیں۔ کچھ تبصروں میں ان کے ذاتی فیصلوں اور طرزِ زندگی پر بھی سوال اٹھائے گئے۔
دوسری جانب کئی صارفین نے اداکارہ کے اعتماد اور نئے انداز کو سراہتے ہوئے تصاویر کو ہزاروں کی تعداد میں لائک بھی کیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس فوٹو شوٹ پر عوامی ردعمل ملا جلا ہے۔