ایران کی امریکا کو سخت وارننگ، خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ
ایران کی امریکا کو سخت وارننگ، خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)تہران میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایرانی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا تو خطے میں موجود امریکی تنصیبات اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق آئی آر جی سی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے میزائل اور جدید ڈرون مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی جارحانہ اقدام کا فوری اور سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی افواج نہ صرف امریکی فوجی اڈوں بلکہ خطے میں موجود دشمن کے جنگی جہازوں کو بھی نشانہ بنا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی تیل بردار بحری تجارت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے پاکستانی ثالثوں کے ذریعے ایران کو جنگ بندی میں توسیع سے متعلق نئی تجاویز بھجوائی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بالواسطہ سفارتی رابطے جاری ہیں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں بڑھتا ہوا تناؤ اور امریکی بحری سرگرمیاں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو انتہائی حساس بنا رہی ہیں۔ ایران پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ اگر اس کی تیل برآمدات یا بحری راستوں کو نقصان پہنچایا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔