پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: فیلڈ مارشل عاصم منیر

0
پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: فیلڈ مارشل عاصم منیر

پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: فیلڈ مارشل عاصم منیر

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن یہ بات اچھی طرح سمجھ لے کہ پاکستان کے خلاف آئندہ کسی بھی مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطرناک، دور رس اور تکلیف دہ ہوں گے۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستان، عوام اور مسلح افواج کی بے مثال کامیابی کا مظہر ہیں۔ ان کے مطابق یہ معرکہ دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن جنگ تھی جس میں حق کی فتح ہوئی اور باطل کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کا خواب پاکستان کو عسکری دباؤ اور سفارتی تنہائی کا شکار بنا کر خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرنا ہے، تاہم پاکستان اسے کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاعی نظام کو مکمل طور پر ناقابلِ تسخیر بنایا جا چکا ہے۔

انہوں نے شہدا، غازیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان قربانیوں کو امانت سمجھتی ہے اور اپنی کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا احسان قرار دیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن کو واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی آئندہ اقدام کے نتائج نہ صرف شدید ہوں گے بلکہ دیرپا اثرات بھی چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی جنگیں جدید ٹیکنالوجی، ڈرونز، سائبر اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ہوں گی، جن کے لیے پاکستان اپنی افواج کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز قائم کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ ایک اہم سفارتی کامیابی ہے۔

خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی مؤثر سفارتکاری کے ذریعے عالمی امن مذاکرات میں کردار ادا کر رہا ہے، تاہم بھارت ایک بار پھر دہشت گردی کے الزامات کی روش اختیار کر رہا ہے۔ افغانستان سے بھی توقع کی گئی کہ وہ اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے مراکز ختم کرے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، اور ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور مسلح افواج ہر وقت تیار ہیں، جبکہ قوم کی طاقت ہی پاکستان کا اصل دفاع ہے۔

تقریب میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے گئے اور تینوں افواج کے دستوں نے سلامی پیش کی۔

ملک بھر میں معرکۂ حق کی سالگرہ پر یومِ تشکر منایا جا رہا ہے، جبکہ صدر مملکت اور وزیراعظم نے بھی مسلح افواج اور قوم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے