عیدالاضحیٰ پر گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان، بارش کا ایک اور سلسلہ بھی متوقع
عیدالاضحیٰ پر گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان، بارش کا ایک اور سلسلہ بھی متوقع
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے جبکہ عیدالاضحیٰ کے دنوں میں موسم مزید گرم ہو سکتا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان ورک نے بتایا کہ عید سے قبل بارش برسانے والا ایک اور سسٹم آنے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے ابھی حتمی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں آئندہ دو روز تک موسم بہتر رہے گا لیکن اس کے بعد دوبارہ گرمی کی لہر شدت اختیار کرے گی۔ بالائی اور شمال مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں میں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
کراچی کے موسم سے متعلق انہوں نے کہا کہ شہر میں مئی کے آغاز جیسی شدید گرمی اس وقت نہیں تاہم درجہ حرارت نسبتاً زیادہ رہے گا اور آئندہ دو روز تک موسم بہتر رہنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مئی کے آخری ہفتے میں منائے جانے کا امکان ہے۔