ٹرمپ کا پیٹرول پر وفاقی ٹیکس معطل کرنے کا عندیہ، ایران کو سخت وارننگ
ٹرمپ آج ایران سے متعلق اہم قومی سلامتی اجلاس کریں گے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام کو مہنگائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں سے ریلیف دینے کے لیے پیٹرول پر عائد 18 سینٹ فی گیلن وفاقی ٹیکس عارضی طور پر معطل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ مخصوص مدت کے لیے فیول ٹیکس معطل کرنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ امریکی شہریوں پر معاشی بوجھ کم کیا جا سکے۔
ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ تہران نے اپنے جوہری پروگرام پر کچھ نرمی دکھائی ہے لیکن یہ ناکافی ہے۔ ان کے مطابق ایران نے امریکا کو بتایا ہے کہ جوہری تنصیبات سے نیوکلیئر ڈسٹ خود نکالنا ہوگی کیونکہ یہ اتنی گہرائی میں دفن ہے کہ ایران اس تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ “پراجیکٹ فریڈم” دوبارہ شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں اور اس بار اسے زیادہ شدت سے آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جرنیلوں کا ایک بڑا گروہ ایران سے متعلق آئندہ اقدامات کے لیے ان کے احکامات کا منتظر ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو کبھی بھی ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے حوالے سے ان کے پاس واضح منصوبہ موجود ہے اور اس معاملے پر ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کی بحری اور فضائی طاقت تقریباً ختم ہو چکی ہے۔