نئے وفاقی بجٹ پر مذاکرات کیلئے آئی ایم ایف وفد آج پاکستان پہنچے گا
آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی بحالی اور پالیسی اقدامات کو مؤثر قرار دے دیا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)International Monetary Fund کا وفد نئے وفاقی بجٹ پر مذاکرات کے لیے آج پاکستان پہنچے گا، جبکہ باضابطہ مذاکرات کل سے شروع ہوں گے۔
ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق نئے وفاقی بجٹ کی تجاویز اور سفارشات کی تیاری کے پیش نظر آئی ایم ایف وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے اور نیا بجٹ آئی ایم ایف کی مشاورت سے تیار کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ مذاکرات ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے بعد بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی۔
مذاکرات میں آئی ایم ایف وفد کے ساتھ نئے بجٹ کے لیے ٹیکس اور دیگر معاشی اہداف پر بات چیت ہوگی، جبکہ ترقیاتی اخراجات سے متعلق بجٹ تجاویز بھی زیر غور آئیں گی۔
اس کے علاوہ مالی نظم و ضبط بہتر بنانے، حکومتی اخراجات میں کمی اور بجٹ میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔