نالہ لئی میں پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی، خطرے کے سائرن بجا دیے گئے
نالہ لئی میں پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی، خطرے کے سائرن بجا دیے گئے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
راولپنڈی: شدید بارشوں کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی، کٹاریاں کے مقام پر پانی 20 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 17 فٹ تک پہنچ گیا۔ خطرے کے سائرن بجا کر نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر شہریوں کو فوری طور پر علاقے خالی کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث پیرودھائی سمیت متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ پانی میں گھر کے اندر محصور ایک خاندان کی مدد کی اپیل پر ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو بحفاظت نکال لیا اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان کے مطابق واسا ہائی الرٹ ہے اور راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ شہریوں کو نشیبی علاقوں اور نالہ لئی کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ نالہ لئی کے اطراف خطرناک صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں اور ریسکیو اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔