حماس کے غیر مسلح ہونے تک غزہ کی تعمیرِ نو نہیں ہوگی، جیرڈ کشنر

0
حماس کے غیر مسلح ہونے تک غزہ کی تعمیرِ نو نہیں ہوگی، جیرڈ کشنر

حماس کے غیر مسلح ہونے تک غزہ کی تعمیرِ نو نہیں ہوگی، جیرڈ کشنر

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اور داماد جیرڈ کشنر نے کہا ہے کہ حماس کے مکمل طور پر غیر مسلح ہونے تک امریکا غزہ کی تعمیرِ نو کی اجازت نہیں دے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق جیرڈ کشنر نے گزشتہ روز اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی، تاہم غزہ سے متعلق امریکی منصوبے پر کوئی نمایاں پیش رفت نہ ہوسکی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حماس امریکی حمایت یافتہ منصوبے کے تحت ہتھیار ڈالنے، اسرائیلی فوج کے انخلا اور غزہ میں جاری حملوں کے خاتمے پر رضامندی ظاہر کرچکی ہے، تاہم اسرائیل نے رواں ماہ یہ منصوبہ مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ غزہ کو مکمل طور پر غیر مسلح کیے جانے تک کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

ایک امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کشنر نے اسرائیلی مؤقف کی حمایت کی اور کہا کہ امریکا حماس کے مکمل غیر مسلح ہونے سے قبل اسرائیل کو غزہ سے انخلا پر مجبور نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق کسی بھی فوری خطرے کی صورت میں اسرائیل کے دفاع کے حق کو محدود نہیں کیا جائے گا۔

کشنر نے کہا کہ اگر حماس آئندہ 60 سے 90 دن میں اپنے ہتھیار اور سرنگیں رضاکارانہ طور پر حوالے کردیتی ہے تو یہ اسرائیل کے لیے بڑی سیکیورٹی کامیابی ہوگی۔ تاہم اگر حماس اپنے وعدوں پر عمل نہیں کرتی تو اسے امن کے لیے غیر سنجیدہ تصور کیا جائے گا اور اسرائیل کو کارروائی کے لیے امریکا سمیت دیگر ممالک کی مزید حمایت حاصل ہوگی۔

عرب میڈیا کے مطابق کشنر نے گزشتہ اتوار کو حماس کے رہنماؤں سے بھی غیر معمولی ملاقات کی تھی۔ ان کے بقول ملاقات خوش گوار رہی، تاہم امریکا حماس کے بیانات کے بجائے اس کے عملی اقدامات کو بنیاد بنا کر فیصلہ کرے گا۔

دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال جنگ بندی کے آغاز سے اب تک غزہ میں کم از کم 1,265 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں مجموعی فلسطینی شہادتوں کی تعداد 73,399 ہوگئی ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز اسرائیل سے غزہ پر حملے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ حماس اپنے ہتھیار ڈالنے پر رضامند ہوچکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے