عمران خان کا پمز اسپتال میں طبی معائنہ، ڈاکٹروں نے صحت مند قرار دے دیا: عطا تارڑ
عمران خان کا پمز اسپتال میں طبی معائنہ، ڈاکٹروں نے صحت مند قرار دے دیا: عطا تارڑ
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طبی معائنہ ان کی بہن عظمیٰ خان کی موجودگی میں کیا گیا، جس کے بعد مستند ڈاکٹروں نے انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عمران خان کو 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ماہر امراض چشم، ماہر امراض قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔
وفاقی وزیر کے مطابق عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان طبی معائنے اور علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔ طبی مراحل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو 21 اگست کی صبح تقریباً 5 بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کردیا گیا۔
بعد ازاں ایک اور بیان میں عطا تارڑ نے واضح کیا کہ عمران خان کا طبی معائنہ پمز اسپتال میں کیا گیا، جہاں الشفا اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ الشفا اسپتال کے راستے اور باہر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پیدا کی گئی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔ عطا تارڑ کے مطابق طبی معائنے کے بعد عمران خان صحت مند پائے گئے۔