عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر، ملک بھر میں آج شب محافل میلاد کا اہتمام

0
عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر، ملک بھر میں آج شب محافل میلاد کا اہتمام

عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر، ملک بھر میں آج شب محافل میلاد کا اہتمام

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)

ملک بھر میں سرورِ کونین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کے جشن کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ شہر شہر اور قریہ قریہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے خوشیوں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے آج شب ملک بھر کی مساجد میں محافلِ میلاد، نعت اور درود و سلام کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں علماء کرام نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے۔

ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ کل مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، جبکہ حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافلِ نعت منعقد ہوں گی، جبکہ مختلف شہروں میں جلوس اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔

آمدِ مصطفیٰ ﷺ کی خوشی میں گلی محلوں، بازاروں، مساجد اور شاہراہوں کو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور آرائشی محرابوں سے سجایا گیا ہے، جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔

عاشقانِ رسول ﷺ نے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر بھی اپنی عقیدت کا اظہار کیا ہے۔ لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں نکالے جانے والے جلوسوں میں شرکاء درود و سلام کا ورد کریں گے، جبکہ جشنِ میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے نیاز بھی تقسیم کی جائے گی۔

علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے محبت اور عقیدت کا تقاضا صرف ذکرِ سیرت نہیں بلکہ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا بھی ہے، کیونکہ سیرتِ طیبہ پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے