پشاور: دیر کالونی اسکول حادثے کا مقدمہ درج، ٹھیکیدار، مالکان اور شیئر ہولڈرز نامزد
پشاور: دیر کالونی اسکول حادثے کا مقدمہ درج، ٹھیکیدار، مالکان اور شیئر ہولڈرز نامزد
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
پشاور کے علاقے دیر کالونی میں اسکول کی چھتیں گرنے سے بچوں اور خاتون ٹیچر کی ہلاکتوں اور 52 افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کا مقدمہ تھانہ آغہ میر جانی شاہ میں درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق اسکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا جبکہ عمارت بوسیدہ اور غیر محفوظ تھی۔ دیواروں اور چھتوں کی خستہ حالی سے متعلق پہلے بھی شکایات کی گئی تھیں، تاہم مبینہ طور پر اسکول انتظامیہ نے ان شکایات پر کوئی توجہ نہیں دی۔
مقدمے کے متن کے مطابق حادثے کے دوران دوسری منزل پر قائم نرسری کلاس اور گراؤنڈ فلور کے کمروں کی چھتیں گر گئیں، جس کے نتیجے میں 30 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی گئی، جبکہ 52 افراد زخمی ہوئے۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ اسکول کی 16 مرلے اراضی وحید اور جاوید کی ملکیت ہے، جو 2024 میں لیز پر حاصل کی گئی تھی، جس کے بعد وہاں عمارت تعمیر کی گئی۔
پولیس نے عمارت تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار، اسکول مالکان اور شیئر ہولڈرز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں قتل بالسبب کی دفعہ 322 سمیت تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 148 اور 149 شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔