نیئر اعجاز کی ٹک ٹاک ویڈیو پر تنقید، مداحوں میں بحث چھڑ گئی
نیئر اعجاز کی ٹک ٹاک ویڈیو پر تنقید، مداحوں میں بحث چھڑ گئی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان کے معروف اداکار نیئر اعجاز کی جانب سے ٹک ٹاک پر شیئر کی گئی ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی ہے۔
نیئر اعجاز، جو ڈرامہ انڈسٹری میں منفی کرداروں کی جاندار اداکاری کے لیے مشہور ہیں، ماضی میں لاگ، لاج، دھواں، جنجال پورا، دور، برفی، لڈو اور چیخ جیسے ڈراموں کے علاوہ نامعلوم افراد 2، تیفا اِن ٹربل اور باجی جیسی فلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ حالیہ دنوں میں انہیں ڈائن اور سانول یار پیا میں عمدہ پرفارمنس پر بھی سراہا گیا۔
سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والے اداکار نے حال ہی میں ایک عالمی شہرت یافتہ گانے پر ڈانس ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ پُرجوش انداز میں ردھمک مووز اور تاثراتی اشاروں کے ساتھ پرفارم کرتے نظر آئے۔
تاہم اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ افراد نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک سینئر اور لیجنڈری اداکار کو ایسی ویڈیوز سے گریز کرنا چاہیے، جبکہ بعض نے مشورہ دیا کہ وہ اپنی منفرد آواز اور شخصیت کے مطابق کہانیاں سنانے جیسے مواد پر توجہ دیں۔
دوسری جانب کئی مداحوں نے نیئر اعجاز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایک فنکار کو اپنی مرضی کے مطابق اظہار کا حق حاصل ہے اور غیر ضروری تنقید سے گریز کیا جانا چاہیے۔
یوں اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر آزادیٔ اظہار اور فنکاروں کے عوامی امیج سے متعلق ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔