ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ، مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی
ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ، مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی راولپنڈی/اسلام آباد: جڑواں شہروں میں اچانک موسم نے کروٹ لے لی، آسمان پر کالی گھٹائیں چھا گئیں اور مختلف علاقوں میں ہلکی بارش شروع ہوگئی۔ بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہریوں نے خوشگوار موسم کا بھرپور لطف اٹھایا جبکہ مختلف علاقوں میں معمول کے مطابق آمدورفت کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی سمیت نشیبی علاقوں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور بارش کے دوران نکاسیٔ آب کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 12 جون تک ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ بالائی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیریں علاقوں میں 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ اسلام آباد، شمالی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کل تک شدید گرمی برقرار رہے گی، تاہم اسلام آباد میں 11 اور 12 جون کو بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
National Disaster Management Authority کے مطابق خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی 11 اور 12 جون کو بارش متوقع ہے۔ راولپنڈی، لاہور اور دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ پشاور، سوات، چترال، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی 11 اور 12 جون کو بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 12 جون سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے اضلاع ژوب اور موسیٰ خیل میں بھی 11 اور 12 جون کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے بعض علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کی امید ہے۔