عراقچی کا امریکا کو جواب: ایران پر نئی معاشی پابندیاں بھی ناکام ہوں گی
عراقچی کا امریکا کو جواب: ایران پر نئی معاشی پابندیاں بھی ناکام ہوں گی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کی جانب سے ایران پر نئی اور سخت ترین معاشی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں ایران کے خلاف عائد کی گئی سخت پابندیاں اور ’’زیادہ سے زیادہ دباؤ‘‘ کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے، اس لیے تازہ معاشی کارروائی بھی ناکامی سے دوچار ہوگی۔
عراقچی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ 14 سال قبل ’’تاریخ کی سب سے تباہ کن پابندیاں‘‘ ناکام ہوئیں، 8 سال قبل ’’زیادہ سے زیادہ دباؤ‘‘ کی پالیسی ناکام ہوئی اور 5 ماہ قبل ایران سے ’’غیر مشروط ہتھیار ڈالنے‘‘ کا مطالبہ بھی ناکام رہا۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق امریکا کی جانب سے اب اعلان کی جانے والی ’’تاریخ کی سب سے کاری معاشی کارروائی‘‘ بھی ناکام ہونا طے ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’ہم یہ فلم پہلے بھی دیکھ چکے ہیں، کہانی وہی ہے، صرف کردار بدل گئے ہیں۔‘‘
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف انتہائی سخت معاشی پابندیوں کا اعلان کیا ہے، جبکہ واشنگٹن نے اسے ایران پر زیادہ سے زیادہ معاشی دباؤ بڑھانے کی مہم قرار دیا ہے۔