روزانہ ٹماٹر کھانے سے جگر کی چربی کم ہونے کا امکان، نئی تحقیق میں اہم انکشاف
روزانہ ٹماٹر کھانے سے جگر کی چربی کم ہونے کا امکان، نئی تحقیق میں اہم انکشاف
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ ٹماٹر کھانے سے نان الکوحل فیٹی لیور ڈیزیز (NAFLD) میں مبتلا افراد کے جگر میں موجود چربی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اٹلی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹرواینٹرولوجی کے محققین نے فیٹی لیور ڈیزیز اور 30 یا اس سے کم بی ایم آئی رکھنے والے 79 افراد کو دو گروپوں میں تقسیم کیا۔ ایک گروپ نے چھ ہفتوں تک روزانہ 200 گرام کچے ٹماٹر اور 50 گرام ٹماٹر ساس استعمال کی، جبکہ دوسرے گروپ نے ٹماٹر سے پاک غذا اختیار کی۔
چھ ہفتوں بعد خصوصی اسکین کے ذریعے شرکا کے جگر میں چربی کی مقدار کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق دونوں گروپوں میں جگر کی چربی میں کمی دیکھی گئی، تاہم ٹماٹر استعمال کرنے والے افراد میں یہ کمی زیادہ نمایاں تھی۔
ٹماٹر کھانے والے گروپ میں جگر کی چربی تقریباً 11 فیصد کم ہوئی، جبکہ ٹماٹر سے پرہیز کرنے والے گروپ میں کمی تقریباً 6 فیصد رہی۔
جرنل نیوٹرینٹس میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق نتائج ٹماٹر کے استعمال اور جگر کی صحت کے درمیان ممکنہ تعلق کی نشاندہی کرتے ہیں، تاہم محققین کا کہنا ہے کہ اس اثر کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق ضروری ہے۔