کور کمانڈرز کانفرنس: سعودی عرب پر حملوں پر شدید تشویش
کور کمانڈرز کانفرنس: سعودی عرب پر حملوں پر شدید تشویش
پاک فوج کی 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس سید عاصم منیر کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس میں سعودی عرب میں پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس پر حالیہ حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے ان حملوں کو غیر ضروری اور خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات مشرقِ وسطیٰ میں جاری سفارتی اور پرامن کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہیں۔
آرمی چیف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل کارکردگی اور انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، عوام اور افواج کے باہمی تعاون سے ملک سیکیورٹی اور معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔
فورم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کی حمایت یافتہ دہشت گرد پراکسی عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ ساتھ ہی آپریشن غضب لِلحق کو اس وقت تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جب تک دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے مکمل طور پر ختم نہ ہو جائیں۔
کانفرنس میں بھارت کی جانب سے مبینہ گمراہ کن معلومات، بے بنیاد الزامات اور فالس فلیگ آپریشنز کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے ہتھکنڈے عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
اختتام پر آرمی چیف نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، جدید تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔