ایران کی آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے نئی شرائط، جوہری مذاکرات مؤخر کرنے کی تجویز
ایران کی آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے نئی شرائط، جوہری مذاکرات مؤخر کرنے کی تجویز
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)ایران نے آبنائے ہرمز کی بحالی کے لیے نئی شرائط پیش کرتے ہوئے جوہری مذاکرات کو آئندہ مرحلے تک موخر کرنے کی تجویز دی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایکسیوس کی رپورٹ کے مطابق، امریکی عہدیداروں اور معاملے سے باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ ایران نے امریکا کو ایک نئی پیشکش ارسال کی ہے، جس میں آبنائے ہرمز کی دوبارہ بحالی اور کشیدگی کے خاتمے کے بدلے جوہری مذاکرات کو بعد کے مرحلے تک مؤخر کرنے کی بات شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ تجویز ایران کی جانب سے پاکستان کے ذریعے ثالثی عمل میں پیش کی گئی ہے۔ اس معاہدے کے تحت نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے کی بات کی گئی ہے بلکہ ایرانی بندرگاہوں پر امریکی پابندیوں میں نرمی کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز سے متعلق کوئی معاہدہ طے پا جاتا ہے اور امریکی پابندیاں ختم ہو جاتی ہیں تو اس سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ایران پر جوہری پروگرام کے حوالے سے دباؤ برقرار رکھنے کی گنجائش کم ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تیل ترسیلی گزرگاہوں میں سے ایک ہے، جس سے عالمی توانائی منڈی براہِ راست متاثر ہوتی ہے۔