Sarah Chaudhry نے شادی ناکام ہونے کی وجہ اور طلاق پر اپنے خیالات بیان کر دیے
Sarah Chaudhry نے شادی ناکام ہونے کی وجہ اور طلاق پر اپنے خیالات بیان کر دیے
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ Sarah Chaudhry نے اپنی ازدواجی زندگی اور طلاق کے حوالے سے کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوبز چھوڑنے اور خود کو بدلنے کے باوجود شادی کا کامیاب ہونا ضروری نہیں ہوتا کیونکہ ہر انسان کی زندگی تقدیر کے مطابق چلتی ہے۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سارہ چوہدری نے کہا کہ لوگ اکثر یہ کہتے ہیں کہ انہوں نے شوبز کو خیرباد کہا اور دینی راستہ اختیار کیا، پھر بھی ان کی شادی کیوں نہ چل سکی۔ انہوں نے کہا کہ طلاق بھی بعض اوقات اللہ تعالیٰ کے طے کردہ راستوں میں شامل ہوتی ہے، اگرچہ یہ پسندیدہ عمل نہیں، اس لیے اس کی تشہیر یا تعریف نہیں کرنی چاہیے بلکہ جہاں ممکن ہو میاں بیوی کے درمیان صلح کی کوشش کرنی چاہیے۔
سابق اداکارہ کا کہنا تھا کہ کسی شخص کی قربانیاں یا نیک نیتی اس بات کی ضمانت نہیں ہوتیں کہ اس کی ازدواجی زندگی میں کبھی مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر انسان میں خوبیاں اور خامیاں موجود ہوتی ہیں اور برداشت کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔
اپنی نجی زندگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سارہ چوہدری نے بتایا کہ جب تک نصیب میں ساتھ لکھا تھا، دونوں جانب سے رشتہ برقرار رکھنے کی پوری کوشش کی گئی، تاہم جب محسوس ہوا کہ مزید ایک ساتھ چلنا ممکن نہیں تو باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی زندگی میں پیش آنے والے کسی بھی واقعے پر پچھتاوا نہیں کیونکہ دین کی سمجھ نے انہیں یہ سکھایا ہے کہ جو کچھ ہوتا ہے وہ اللہ کی مرضی اور تقدیر کے مطابق ہوتا ہے۔ ان کے مطابق ماضی اور مستقبل کے معاملات پر افسوس کرنے کے بجائے انسان کو اللہ کی رضا پر راضی رہنا چاہیے۔