پشاور میں آٹے کی قیمت میں بڑا اضافہ، ایک ہفتے میں 300 روپے مہنگا
پشاور میں آٹے کی قیمت میں بڑا اضافہ، ایک ہفتے میں 300 روپے مہنگا
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں 20 کلو تھیلا ایک ہفتے کے دوران 300 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔
آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق مکس آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2900 روپے جبکہ فائن آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 3100 روپے مقرر کی گئی ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پنجاب سے ترسیل بند ہونے کے باعث مارکیٹ میں سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور آئندہ دنوں میں مزید مہنگائی کا امکان بھی موجود ہے۔
دوسری جانب کراچی میں فی کلو آٹا 135 سے 140 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 1350 روپے میں دستیاب ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق چکی کے آٹے کی سرکاری قیمت 113 روپے فی کلو اور فائن آٹے کی سرکاری قیمت 121 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ گندم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
مہنگائی کے اس رجحان پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے قیمتوں میں استحکام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔