بالی ووڈ اداکار راجیش شرما کی حالت تشویشناک، زہریلے کیڑے کے کاٹنے کے بعد اسپتال منتقل
بالی ووڈ اداکار راجیش شرما کی حالت تشویشناک، زہریلے کیڑے کے کاٹنے کے بعد اسپتال منتقل
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
کولکتہ: بالی ووڈ کے سینئر اداکار راجیش شرما کی طبیعت تشویشناک ہوگئی، انہیں جنوبی بھارتی سپر اسٹار پربھاس کی نئی فلم کی شوٹنگ کے دوران مبینہ طور پر زہریلے کیڑے کے کاٹنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ حیدرآباد کے راموجی فلم سٹی میں پیش آیا، جہاں فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔ اہلِ خانہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد راجیش شرما تکنیکی عملے کے ساتھ گھنی جھاڑیوں کے قریب موجود تھے، اسی دوران انہیں زہریلے کیڑے نے کاٹ لیا۔
بیان کے مطابق اداکار نے ابتدائی طور پر اس واقعے کو معمولی سمجھا اور فوری طبی امداد حاصل نہیں کی، تاہم تقریباً چھ گھنٹے بعد ان کی دائیں ٹانگ میں شدید تکلیف شروع ہوگئی۔ دورانِ سفر بخار میں مبتلا ہونے کے بعد ان کی حالت مزید بگڑ گئی، جس پر انہیں کولکتہ کے ڈھاکوریا منی پال اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق انفیکشن نے ان کی ٹانگ کے نچلے حصے کو متاثر کیا ہے، جبکہ ٹانگ پر بڑے چھالے بھی بن گئے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اداکار کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
ڈاکٹرز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر انفیکشن کے باعث خون کا لوتھڑا بن کر پھیپھڑوں تک پہنچ گیا تو صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔ راجیش شرما تاحال زیرِ علاج ہیں اور مکمل طور پر خطرے سے باہر نہیں آئے۔