پاکستان ویمن ٹیم ون ڈے کے بعد ٹی 20 سیریز بھی سری لنکا سے ہار گئی
پاکستان ویمن ٹیم ون ڈے کے بعد ٹی 20 سیریز بھی سری لنکا سے ہار گئی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کو دورۂ سری لنکا میں ون ڈے سیریز کے بعد ٹی 20 سیریز میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میزبان ٹیم نے تین میچوں کی ٹی 20 سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
دمبولہ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 113 رنز تک محدود رکھا اور ہدف 19.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے 4 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی، تاہم یہ فتح سیریز بچانے کے لیے کافی ثابت نہ ہوئی۔
پاکستانی ٹیم ابتدائی دونوں ٹی 20 میچز میں 6، 6 وکٹوں سے شکست کھا چکی تھی۔ اس سے قبل تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں بھی پاکستان کو 1-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جہاں پہلے میچ میں فتح کے بعد اگلے دونوں مقابلوں میں 8، 8 وکٹوں سے شکست ہوئی۔
ون ڈے سیریز میں سدرہ امین نے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 217 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ گل فیروز نے ایک نصف سنچری سمیت 145 رنز اسکور کیے۔ تاہم دیگر کوئی پاکستانی بیٹر تین میچوں میں 100 رنز کا ہندسہ عبور نہ کر سکی۔
بولنگ میں بھی پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی، جہاں نشرح سندھو نے تین ون ڈے میچوں میں 4 جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے صرف 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹی 20 سیریز میں شوال ذوالفقار 132 رنز کے ساتھ پاکستان کی نمایاں بیٹر رہیں، جبکہ کپتان منیبہ علی نے 106 رنز بنائے۔ بولنگ میں ام ہانی نے 4 اور نشرح سندھو نے 3 وکٹیں حاصل کیں، تاہم مجموعی طور پر پاکستان کی کارکردگی سیریز جیتنے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔