گووندا نے اہلیہ سنیتا آہوجا کو بیانات سے باز رہنے کی درخواست کردی
گووندا نے اہلیہ سنیتا آہوجا کو بیانات سے باز رہنے کی درخواست کردی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا نے اہلیہ سنیتا آہوجا کی جانب سے حالیہ الزامات اور تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں اپنے خلاف بیانات دینے سے باز رہنے کی درخواست کردی۔
گووندا نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں سنیتا آہوجا کے مختلف دعوؤں اور اپنی نئی فلم سے متعلق تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب ان کی اہلیہ اپنے شوز پر کام کر رہی تھیں تو انہوں نے ان کی حمایت کی، جبکہ بیٹی ٹینا کے ذریعے بھی انہیں پروگرامز میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
اداکار نے دعویٰ کیا کہ اب جب وہ اپنی فلم پر کام کر رہے ہیں تو انہیں بدنام کرنے، لوگوں کے دلوں سے نکالنے اور ان کے کاروبار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
گووندا نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں جدوجہد کرنے والے افراد کی اس حد تک تضحیک نہیں ہونی چاہیے کہ وہ خوفزدہ ہوکر پیچھے ہٹ جائیں۔ انہوں نے نوجوان اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنے پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی بڑے اداکار اپنے سے کم عمر اداکاراؤں کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں اور ایسے بیانات ان کے کام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
گووندا کا یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب سنیتا آہوجا نے حال ہی میں اداکار کو نوجوان اداکارہ کومل کے ساتھ دیکھے جانے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور طنزیہ طور پر انہیں اداکارہ کا ’’شوگر ڈیڈی‘‘ قرار دیا تھا۔